پاکستان اور ایران میں برادرانہ تعلقات ہیں: وزیر اعظم نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی ثقافتی، برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطوں سے دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف سے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پرنواز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی شعبوں میں مشترکہ مفادات کے تحت تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، انہوں نے ایرانی صوبے سیستان میں ہونےوالے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی ہدف 5 ارب ڈالر کے حصول کی کوششیں تیز کرنا ہوں گی، دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ سرحدی سیکورٹی سےمتعلق اقدامات پر پاکستان کی کوششوں کے شکرگزارہیں، تجارتی اور معاشی شعبوں میں گہرے اور مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔

اس سے قبل ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے بھی ملاقا ت کی۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ جغرافیائی ، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں، اچھے تعلقات کی راہ میں کسی چیز کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

چوہدری اور جواد ظریف کی ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنمائوں نے اپنی ملکوں کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ کرنے دینے کی یقین دہانی کرائی ۔

Add new comment