شام کی فوجی چھاؤنی پر اسرائیلی حملہ، 3 جاں بحق 5 زخمی

جولان کی پہاڑیوں کے قریب شامی فوجی چھاؤنی پر اسرائیل کے حملے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔

ایک شامی عہدیدار نے اعلان کیا ہے کہ قنیطرہ کے قریب الفوار فوجی چھاؤنی پر اتوار کو ہونے والے اسرائیلی حملے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔شامی عہدیدار کے بقول ابھی تک یہ واضح نہیں کہ جانی نقصان اسرائیل کے فضائی حملے سے ہوا ہے یا اس کے توپخانوں کی گولہ باری سے ہوا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ اس حملے میں اسلحوں کے ایک گودام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے جمعے کو بھی شہر خان ارنبہ کےقریب ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا تھا اور دعوی کیا تھا کہ اس نے یہ حملہ ، شام کی جانب سے مقبوضہ فلسطین پر تین راکٹ فائر کئے جانے کے جواب میں کیا ہے۔

شام کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ اس طرح کی مذموم کوششیں اسے علاقے میں اسرائیل کے اتحادی دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے سے روک نہیں سکتیں۔

صیہونی حکومت، دہشت گردوں کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کئی بار جولان کی پہاڑیوں کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنا چکی ہے۔اسرائیلی حکومت ، شام میں دہشت گردوں کی پوزیشن مضبوط بنانے کے لئے اب تک کئی بار شام کے فوجی اڈوں پر حملہ کر چکی ہے۔

درایں اثنا حکومت دمشق نے با رہا اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت اور اس کے علاقائی و مغربی اتحادی ، حکومت دمشق کے خلاف برسرپیکار تکفیری گروہوں کی حمایت کرتے ہیں۔ شامی فوج، شام میں دہشت گرد گروہوں کے قبضے سے با رہا اسرائیلی ساخت کے ہتھیار اور فوجی ساز و سامان ضبط کر چکی ہے۔

Add new comment