دہشتگردی کے خاتمے کے لئےعلماء سے تعاون کی اپیل

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے نظریات کے خاتمے کے لئے علما مدد کریں اس لئے کہ دہشتگردی کا خاتمہ علماء کے کردارکے بغیر ممکن نہیں۔

جامعہ نعیمیہ لاہور میں آج ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ میں خون کی ہولی کھیلنے والوں کا دین سے کوئی تعلق نہیں، ہماری مساجد اورخانقاہیں امن کا گہوارہ ہیں، دہشت گردوں کے نظریات کے خاتمے کے لئے علما مدد کریں، ہمیں فتووں سے آگے نکلنا ہے جب کہ دہشتگردی کا خاتمہ علماء کے کردار کے بغیر ممکن نہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے لئے دینی دلائل تراشے جاتے ہیں ۔ مدارس کی تعلیم امن کی بنیاد پراستوار ہونی چاہیے۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ امن ہرانسان کی اولین ضرورت ہے، آج انسانوں کے درمیان نفرت کا زہر پھیلایا جا رہا ہے اوراس زہر کوعلما ختم کرسکتے ہیں۔ دین کے نام پرانتہاپسندی پھیلائی جارہی ہے جب کہ جہاد کے پاکیزہ تصور کو مسخ کیا گیا ہے۔ آج پاکستان اوردنیا بھرمیں اسلام کے نام پر ظلم کا بازار گرم ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاک فوج سمیت پولیس کے نوجوانوں نے بھی کلیدی کردارادا کیا۔ ملک کی سلامتی کے لیے ادارے بھی یک سو ہوئے، اللہ نے ہماری مدد کی اوردہشتگردوں کے مراکزتباہ کیے دہشت گرد جلد منطقی انجام کو پہنچیں گے۔

 دوسری جانب میاں نواز شریف نے پنجاب پولیس میں تھانوں کو کمپیوٹرائز کرنے کے ڈیجیٹل سسٹم کاافتتاح کیاہے۔ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت مجرموں کو پکڑنے میں آسانی ہوگی اور تھانے ان کے متعلق آپس میں معلومات کا تبادلہ کرسکیں گے۔

Add new comment