ایران کی مسلح افواج دشمن کی نقل و حرکت پر پوری نظر رکھے ہوئے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہماری افواج علاقے میں ہرطرح کی نقل و حرکت پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں-

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد حسین باقری نے علاقے کے بعض ملکوں کے حکام کے حالیہ ایران مخالف د‏‏‏عوؤں اور بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد بیانات اور ایرانی عوام کو دھونس ودھمکی دینے کے تعلق سے ان کی ذہنی پسماندگی کی نشاندہی ہوتی ہے۔ جنرل باقری نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ ایران  کی مسلح افواج پوری ہوشیاری و دقت اور مکمل آمادگی کے ساتھ علاقے میں ہر طرح کی نقل  و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

 ایران کو دھمکیاں دینے والے ذہنی طور پر پسماندہ ہیں، جنرل باقری

انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران کو قومی سلامتی کے اعتبار سے کسی بھی طرح کی تشویش نہیں ہے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کی کوششوں سے ماضی کی طرح ایران کا مستقبل بھی انتہائی پرامن اور پرسکون رہے گا۔

واضح رہے کہ ترکی کے صدر اور وزیرخارجہ اور اسی طرح سعودی عرب کے وزیرخارجہ نے ابھی حال ہی میں ایران مخالف اپنے بے بنیادبیانات میں ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ علاقے کے ملکوں میں مداخلت کررہاہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام اور عراق میں بحران امریکا، ترکی سعودی اور ان کے اتحادی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملوں سے ہی شروع ہوا ہے۔

Add new comment