موصل کی آزادی اب بہت قریب ہے: عراقی وزیر اعظم

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے کہا ہے کہ افواج اور قبائل کی مشترکہ کوششوں سے موصل کی آزادی اب بہت قریب ہے،،دہشتگرد اپنے ٹھکانوں کو چھوڑ کربھاگ چکے ہیں شہریوں کی واپسی کا سلسلہ بھی بعض علاقوں میں شروع ہوچکا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم حیدرالعبادی نے رضاکار فورس کے اعلی کمانڈروں کے اجلاس میں موصل میں جاری آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موصل میں تکفیری دہشت گردوں پر فتح و کامیابی بہت قریب ہے۔

عراقی وزیراعظم نے کہا ہےکہ موصل میں دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے بعد فوری طور پر شہر کی تعمیر نو کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا اور عوام کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

عراقی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق موصل کی آزادی کے لیے جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے مزید کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

عراقی فوج کے ترجمان یحی رسول کا کہنا ہے کہ ملک کے صرف چند ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ ہی داعش کے قبضے میں باقی بچاہے جبکہ دوہزار چودہ میں ملک کے چالیس فی صد علاقے پر داعش نے قبضہ کرلیا تھا۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے گزشتہ سال مئی میں داعش دہشت گردوں کو مشرقی موصل سے مکمل طور پر پیچھے دھکیل دیا تھا۔